ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ہوناورمیں بھٹکل رکن اسمبلی پر بم پھینکنے کا معاملہ؛ متعلقہ میدان سے ایک اور مشکوک چیز برآمد

ہوناورمیں بھٹکل رکن اسمبلی پر بم پھینکنے کا معاملہ؛ متعلقہ میدان سے ایک اور مشکوک چیز برآمد

Tue, 27 Feb 2018 21:23:07    S.O. News Service

بھٹکل 27 فروری (ایس او نیوز) پڑوسی تعلقہ ہوناور کے ہوساد دیہات میں اتوار رات کو جس میدان پر بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا پر بم پھینکنے کی ناکام کوشش کا معاملہ پیش آیا تھا، اُسی میدان میں آج پولس نے ایک مشکوک چیز برآمد کی ہے، جس کے تعلق سے چھان بین جاری ہے۔

ہوناور کے ایک ذرائع نے خبر دی تھی کہ متعلقہ میدان سے ایک مشکوک چیز پولس کو ملی ہے، جس کے ساتھ ہی ایک شخص کو بھی پولس نے اپنی تحویل میں لیا ہے، مگر اس تعلق سے جب ضلع کے ایس پی مسٹر ونائک پاٹل سے فون پر گفتگو کی گئی تو انہوں نے مشکوک چیز میدان سے برآمد ہونے کی تصدیق کی، البتہ کسی بھی شخص کو گرفتارکرنے کی تردید کی اور کہا کہ فی الحال مزید کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے اور نہ ہی کسی کو پوچھ تاچھ کے لئے پولس نے اپنی تحویل میں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاملے کی چھان بین جاری ہے۔

ایس پی سے اتوار رات کے واقعے کے تعلق سے پوچھے جانے پر انہوں نے بتایا کہ اتوار رات کو ہوساد نامی مقام پر رکن اسمبلی منکال وئیدیا کے اسٹیج سے قریب 30 میٹر کے فاصلے پر ریمنڈ میرانڈا کے ہاتھ پر دیسی بم یا پٹاخہ پھٹ گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ریمنڈ حالانکہ متعلقہ میدان پر نہیں بلکہ دوسرے کمپاؤنڈ میں تھا، مگر اُس جگہ سے اسٹیج کا فاصلہ صرف 30 میٹر ہے۔

ریمنڈ میرانڈا کے تعلق سے ایس پی ونائک پاٹل نے بتایا کہ اُسے منی پال اسپتال میں شدید زخمی حالت میں داخل کیا گیا ہے، اور اُس کی حالت اب قدرے مستحکم ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آج اُس سے کچھ بات چیت کی گئی ہے اوراُس کا بیان لیا گیا ہے ، تو اُنہوں نے بتایا کہ ریمنڈ فی الحال انتہائی نگہداشت والے کمرے (ICU) میں ہے، اس لئے اُس کا ابھی بیان نہیں لیا گیا ہے۔

ایس پی کے مطابق بنگلور سے بم ڈیٹیکشن ٹیم کے ذریعے آج میدان میں ملنے والی مشکوک چیز کا معائنہ کیا جارہا ہے، رپورٹ آنے کے بعد ہی اس تعلق سے مزید جانکاری دے سکیں گے ۔

خیال رہے کہ اتوار رات کو بھٹکل رکن اسمبلی منکال وئیدیا پڑوسی تعلقہ ہوناور کے ہوساد دیہات میں منعقدہ والی بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شریک ہونے کے لئے پہنچے تھے، جس کے دوران اچانک ایک دھماکہ ہوا تھا۔ بعد میں پتہ چلا کہ یہ دھماکہ ریمنڈ میرانڈا نامی شخص کے ہاتھ پر ہوا ہے اور دھماکے میں اُس کے ہاتھ چیتھڑے اُڑ گئے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ اسٹیج سے صرف 30 میٹر دورواقع دوسرے کمپاؤنڈ کی دیوار کی آڑ میں کھڑے ہوکر ریمنڈ میرانڈا اسٹیج پر بم پھینکنے کی کوشش کررہا تھا، مگر جیسے ہی اُس نے بم کو تیزی سے اسٹیج کی طرف پھینکنے کے لئے اپنے ہاتھ میں بم کو کس کر پکڑا اور ہاتھ پیچھے کی طرف لے گیا، اُسی وقت زوردار دھماکے کے ساتھ بم پھٹ پڑا۔ واردات میں ریمنڈ میرانڈا کا ہاتھ بری طرح جھلس گیا ہے اور ہاتھ کے چیتھڑے اُڑ گئے ہیں ، ساتھ ساتھ اس کے چہرے، سینے اور بدن کے دیگر حصوں میں بھی شدید چوٹ لگی ہے۔ 

پولس نے فوری اُسے دبوچتے ہوئے مقامی اسپتال لے گئی ، مگرشدید طور پر زخمی ہونے کی وجہ سے اُسے ابتدائی طبی امداد کے بعد منی پال روانہ کیا گیا۔

واقعے کے تعلق سے ہوناور پولس تھانہ میں معاملہ درج کیا گیا ہے اور ضلع کے ایس پی مسٹر ونائک پاٹل خود ہوناور پہنچ کر پورے معاملے  کی نگرانی کررہے ہیں۔


Share: